شان شاہد نے بھارت میں کام نہ کرنے کے فیصلے پر خاموشی توڑ دی

شان شاہد نے بھارت میں کام نہ کرنے کے فیصلے پر خاموشی توڑ دی

لاہور — پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار شان شاہد نے بھارت میں کام نہ کرنے سے متعلق اپنے مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ان کا ذاتی فیصلہ ہے، جسے وہ کسی پر مسلط نہیں کرتے۔

شان شاہد ان دنوں اپنی نئی فلم ’بُھلہ‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس میں ان کے ساتھ اداکارہ مونا لیزا بھی جلوہ گر ہوں گی۔ فلم کی تشہیر کے سلسلے میں منعقدہ پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے اس معاملے پر کھل کر گفتگو کی۔

اداکار کا کہنا تھا کہ وہ بھارت میں اس لیے کام نہیں کرتے کیونکہ ان کے والد کا نام ریاض شاہد ہے، جو پاکستان سے بے پناہ محبت کرنے والے عظیم ہدایتکار تھے۔شان شاہد نے کہا "اگر کسی اور کے والد کا نام بھی ریاض شاہد ہوتا تو وہ بھی شاید یہی فیصلہ کرتا۔”

شان شاہد نے واضح کیا کہ وہ ان فنکاروں کے خلاف نہیں جو بھارت میں کام کرتے ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان میں فنکاروں کے لیے حالات مشکل ہیں، اس لیے جو جہاں بہتر مواقع حاصل کر سکتا ہے، اسے وہاں کام کرنے کا حق ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں علی ظفر، مونا لیزا یا کسی بھی دوسرے فنکار کے بھارت میں کام کرنے پر کوئی اعتراض نہیں، تاہم وہ خود اپنے فیصلے پر قائم ہیں اور چاہتے ہیں کہ اس حوالے سے ان پر زور نہ دیا جائے۔

واضح رہے کہ شان شاہد کا تعلق ایک نامور شوبز خاندان سے ہے۔ ان کے والد ریاض شاہد پاکستان کے عظیم فلم ہدایتکاروں میں شمار ہوتے ہیں جبکہ ان کی والدہ نیلو بیگم بھی ماضی کی صفِ اول کی اداکارہ رہ چکی ہیں۔

شان شاہد کو ہمیشہ ان کے حب الوطنی پر مبنی مؤقف اور پاکستان میں رہ کر کام کرنے کی ترجیح کے باعث شائقین اور ناقدین کی جانب سے سراہا جاتا رہا ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے