دہشت گرد حملے پاکستان کے امن اور معاشی استحکام کو نشانہ بنا رہے ہیں، عاصم افتخار

0

پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ دہشت گرد حملے پاکستان کے امن اور معاشی استحکام کو نقصان پہنچانے کی دانستہ کوشش ہیں، جبکہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) خطے میں بدامنی پھیلانے کے لیے سرگرم ہیں۔

عرب نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان پر ہونے والے کئی دہشت گرد حملے سرحد پار محفوظ ٹھکانوں سے منظم کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف بھرپور، مسلسل اور فیصلہ کن کارروائیاں جاری رکھے گا اور کسی بھی گروہ کو ملک کے امن سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ دفاعی معاہدے کو تاریخی اور اسٹریٹجک اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون دہائیوں پر محیط شراکت داری کا تسلسل ہے۔ ان کے مطابق برادرانہ تعلقات اور مشترکہ اسٹریٹجک مفادات اس معاہدے کی بنیاد ہیں۔

عاصم افتخار نے مزید کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا ایک اہم معاشی شراکت دار ہے اور دفاعی معاہدے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون بھی تیزی سے فروغ پا رہا ہے، جس سے باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

علاقائی اور عالمی امور پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی مندوب نے کہا کہ غزہ میں مستقل جنگ بندی اور ایک خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کو مزید مؤثر بنانے کی خاطر جامع اصلاحات کی ضرورت ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.