اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ کے امام شیخ محمد العباسی کو احاطۂ مسجد سے حراست میں لے لیا
مقبوضہ بیت المقدس – اسرائیلی فوج نے رمضان المبارک سے قبل مسجد اقصیٰ کے امام شیخ محمد العباسی کو احاطۂ مسجد سے حراست میں لے لیا۔
فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیلی اہلکاروں نے انہیں بغیر کسی واضح وجہ کے گرفتار کیا جبکہ اس سے چند گھنٹے قبل حکام کی جانب سے انہیں ایک ہفتے کے لیے مسجد اقصیٰ میں داخلے سے روک دیا گیا تھا۔
شیخ محمد العباسی کا کہنا ہے کہ پابندی کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی، یہ اقدام نہایت تکلیف دہ ہے خصوصاً ایسے وقت میں جب وہ ایک سنگین کار حادثے کے بعد صحت یاب ہو کر دوبارہ امامت کے فرائض سنبھالنا چاہتے تھے۔
رپورٹس کے مطابق یہ کارروائی ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب رمضان المبارک کے قریب آتے ہی مسجد اقصیٰ میں عبادات کی تیاریاں عروج پر ہوتی ہیں اور لاکھوں فلسطینی یہاں نماز کی ادائیگی کے لیے جمع ہوتے ہیں۔ فلسطینی حلقوں کا کہنا ہے کہ حالیہ عرصے میں اسرائیلی حکام کی جانب سے نمازیوں کے داخلے پر پابندیاں اور سکیورٹی اقدامات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اسے مسجد کے مذہبی معاملات میں مداخلت اور ائمہ کو نشانہ بنانے کے مترادف قرار دیا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب رمضان کے دوران مسجد اقصیٰ میں سکیورٹی اقدامات بڑھانے کے اسرائیلی اعلانات پہلے ہی کشیدگی کا باعث بنے ہوئے ہیں۔