امریکا کی ایران کے 18 سرکاری عہدیداروں پر ویزا پابندیاں
واشنگٹن – امریکی حکومت نے ایران کے 18 اعلیٰ حکومتی عہدیداروں اور ان کے اہلخانہ پر ویزا پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ پابندیاں اُن افراد پر لگائی گئی ہیں جنہیں ایران میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث قرار دیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پابندیوں کا دائرہ کار ایرانی ٹیلی کمیونیکیشن شعبے سے وابستہ بعض عہدیداروں تک بھی بڑھایا گیا ہے، جن پر اظہارِ رائے کی آزادی محدود کرنے میں کردار ادا کرنے کا الزام ہے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ واشنگٹن ایرانی عوام کے بنیادی حقوق، بالخصوص آزادیٔ اظہار اور معلومات تک رسائی کے حق کی حمایت جاری رکھے گا۔
یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان جوہری پروگرام اور دیگر علاقائی امور پر کشیدگی برقرار ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی سطح پر محدود نوعیت کے مذاکرات بھی جاری ہیں۔