پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا مجاہد بھی مستعفی، حکومت نے استعفیٰ منظور کرلیا

0

اسلام آباد — پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے سیکرٹری رانا مجاہد نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا جسے حکومتی ذرائع کے مطابق منظور کرلیا گیا ہے۔

یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب وزیراعظم شہباز شریف نے فیڈریشن میں بدانتظامی کے الزامات کا نوٹس لیا تھا۔ اس سے قبل پی ایچ ایف کے صدر طارق بگٹی بھی مستعفی ہو چکے ہیں اور انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیرِاعظم کو بھجوانے کی تصدیق کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ معاملات کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کی جائے۔

ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے پی ایچ ایف کو 25 کروڑ روپے کی گرانٹ جاری ہونے کے باوجود قومی ہاکی ٹیم کے دورہ آسٹریلیا کے دوران کھلاڑیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کھلاڑیوں کو فائیو اسٹار ہوٹل میں قیام کی سہولت فراہم کرنے کے بجائے غیر معیاری رہائش دی گئی اور انہیں ایک گھر میں ٹھہرایا گیا، جس پر سخت تنقید سامنے آئی۔

دوسری جانب سابق صدر طارق بگٹی نے بدانتظامی کی ذمہ داری پاکستان اسپورٹس بورڈ پر عائد کرتے ہوئے عماد شکیل بٹ پر ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل ہاکی میں دو سال کی پابندی کا اعلان کیا تھا۔

حکومتی سطح پر امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پی ایچ ایف کے معاملات کی شفاف تحقیقات اور انتظامی اصلاحات کے لیے نئی کمیٹی قائم کی جائے گی تاکہ قومی کھیل کو درپیش مسائل حل کیے جا سکیں۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.