ایران امریکا تک مار کرنے والے ہتھیار نہیں بنا رہا، صدر ٹرمپ جعلی خبروں کا شکار ہوئے، عباس عراقچی
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران امریکا تک مار کرنے والے ہتھیار تیار نہیں کر رہا اور نہ ہی جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جعلی خبروں کا شکار ہو چکے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں عباس عراقچی نے کہا کہ ایران کی پالیسی جنگ کی تیاری نہیں بلکہ اسے روکنا ہے۔ ان کے مطابق تہران نے جان بوجھ کر اپنے بیلسٹک میزائلوں کی رینج 2 ہزار کلومیٹر تک محدود رکھی ہے اور اس کا مقصد دفاعی حکمت عملی ہے، نہ کہ کسی دور دراز ہدف کو نشانہ بنانا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ خطے میں صرف اسرائیل جنگ کا خواہاں ہے جبکہ ایران کشیدگی میں کمی اور سفارتی حل کو ترجیح دیتا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ایران جوہری ہتھیاروں کے حصول کی کوشش نہیں کرے گا اور اس کا ایٹمی پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے۔
ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان ایٹمی پروگرام اور میزائل صلاحیتوں کے حوالے سے کشیدگی برقرار ہے اور ممکنہ فوجی تصادم کے خدشات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔