پاکستان شاہینز اور انگلینڈ لائنز کی ون ڈے سیریز آج سے ابوظہبی میں شروع
پاکستان شاہینز اور انگلینڈ لائنز کے درمیان پانچ میچوں پر مشتمل 50 اوورز کی سیریز کا آغاز آج جمعہ 27 فروری سے ابوظہبی میں ہوگا۔ سیریز کے تمام میچز اوول اسٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے۔
دونوں ٹیمیں اس سے قبل تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں آمنے سامنے آ چکی ہیں جس میں انگلینڈ لائنز نے پاکستان شاہینز کو تین صفر سے شکست دی تھی، تاہم اب ون ڈے فارمیٹ میں قومی ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں کو کم بیک کا موقع ملے گا۔
سیریز پاکستان میں ٹین اسپورٹس پر براہِ راست نشر کی جائے گی جبکہ مائیکو ایپ پر میچز کی لائیو اسٹریمنگ دستیاب ہوگی۔ برطانیہ میں شائقین کرکٹ میچز کو پی سی بی کے او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر دیکھ سکیں گے جبکہ بنگلہ دیش میں نشریات ٹی اسپورٹس پر کی جائیں گی۔
پاکستان شاہینز کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد جونیئر کا کہنا ہے کہ ون ڈے سیریز کے لیے کھلاڑیوں کو چھوٹے اور واضح اہداف دیے گئے ہیں تاکہ مرحلہ وار بہتری حاصل کی جا سکے۔ ان کے مطابق ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ٹیم بیٹنگ اور بالنگ دونوں شعبوں میں منصوبوں پر مؤثر عمل درآمد نہیں کر سکی تھی۔
انہوں نے انگلینڈ لائنز کو ایک مضبوط حریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ ابوظہبی کا ماحول بین الاقوامی کرکٹ جیسا ہے، جو نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے مفید ثابت ہوگا۔ اعجاز احمد جونیئر نے امید ظاہر کی کہ پاکستان شاہینز کے کھلاڑی اس سیریز سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی کارکردگی میں نمایاں بہتری دکھائیں گے۔