آپریشن ٹرو پرومیس-4‘ کا آغاز ہوچکا، اسرائیلی و امریکی اڈوں کو نشانہ بنا جاریا ہے، ایران کے اسلامی انقلابی گارڈز کور
تہران — ایران کے اسلامی انقلابی گارڈز کور (IRGC) نے اعلان کیا ہے کہ اس نے “آپریشن ٹرو پرومیس-4” کے پہلے مرحلے میں خطے میں قائم متعدد امریکی فوجی اڈوں کو میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا ہے، جن میں بحرین میں امریکی بحریہ کا پانچواں بیڑا بھی شامل بتایا گیا ہے۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق IRGC نے اپنے دوسرے باضابطہ بیان میں کہا کہ یہ کارروائی ایرانی سرزمین پر امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ فوجی کارروائیوں کے جواب میں کی گئی۔ بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ بحرین، قطر اور متحدہ عرب امارات میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کے علاوہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے اندر واقع فوجی اہداف کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے مطابق حملے “جامع اور مربوط” نوعیت کے تھے اور ان کا مقصد “جارح دشمن کے علاقائی مراکز” کو نقصان پہنچانا تھا۔ بیان میں امریکہ کو “مجرم فوج” اور اسرائیل کو “بچوں کو مارنے والی حکومت” قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ یہ آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ایران کے خلاف حملوں کا سلسلہ بند نہیں ہو جاتا۔
IRGC نے واضح کیا کہ ایرانی مسلح افواج کے میزائل اور ڈرون حملوں کے مزید مراحل بھی متوقع ہیں، جس سے خطے میں کشیدگی میں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
تاحال امریکہ یا خطے کے متعلقہ ممالک کی جانب سے ان حملوں کے نقصانات یا اہداف کی تصدیق نہیں کی گئی، جبکہ مبصرین کے مطابق اس دعوے کے بعد خلیجی خطے میں سکیورٹی الرٹ مزید سخت کیے جانے کا امکان ہے۔