ایرانی سپریم لیڈر کی شہادت، یونیورسٹیز میں تدریسی عمل آج معطل رہے گا
ایران پر حملے اور شہادتوں کے پیشِ نظر جامعہ کراچی اور سر سید یونیورسٹی آج 2 مارچ کو طلباء کے لیے بند رہیں گی۔
ایرانی سپریم لیڈر کی شہادت اور ملک میں پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث جامعہ کراچی اور سر سید یونیورسٹی آج 2 مارچ کو طلباء کے لیے بند رہیں گی، تمام تدریسی عمل معطل رہے گا اور آج کے دن ہونے والے تمام امتحانات منسوخ کیے گئے ہیں۔
منسوخ شدہ امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ رجسٹرار نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر کے طلباء کو آگاہ کیا ہے، فیکلٹی اور اسٹاف کو معمول کے مطابق حاضر رہنے کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ امتحانی نتائج کی تیاری اور رجسٹریشن کے انتظامات اپنے شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے۔
دوسری جانب انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد نے موجودہ حالات کے پیش نظر آج تمام کلاسز آن لائن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق تمام لیکچرز گوگل میٹ کے ذریعے منعقد ہوں گے اور فیکلٹی ممبران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آن لائن کلاسز کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔