کرکٹرز عوامی سطح پر اردو بولیں اور اپنی زبان پر فخر کریں، فیصل قریشی

0

کراچی – پاکستان کے نامور اور سینئر اداکار فیصل قریشی نے پاکستانی کرکٹرز پر زور دیا ہے کہ وہ عوامی سطح پر گفتگو کے دوران اردو زبان کو ترجیح دیں اور اپنی قومی زبان پر فخر کریں۔

فیصل قریشی ان دنوں ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام کی میزبانی کر رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر ان کے پروگرام کا ایک ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ مادری زبان اردو کی اہمیت اور قومی شناخت کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے نظر آتے ہیں۔

پروگرام کے دوران انہوں نے پاکستانی کرکٹرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ خاص طور پر یہ کہنا چاہتے ہیں کہ قومی ٹیم کے کھلاڑی عوام سے بات کرتے وقت اردو بولا کریں اور اپنی زبان پر فخر کریں۔

اداکار نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کے بڑے کھلاڑی اپنی مادری زبان کو ترجیح دیتے ہیں۔ ان کے مطابق عالمی شہرت یافتہ فٹبالرز کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی سمیت دیگر بڑے کھلاڑی غیر ضروری طور پر انگریزی بولنے کی کوشش نہیں کرتے بلکہ اپنی زبان میں بات کرتے ہیں اور ضرورت پڑنے پر مترجم کی مدد لی جاتی ہے۔

فیصل قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کو بھی اپنی قومی زبان اردو پر فخر ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق اگر کسی کو انگریزی زبان نہیں آتی تو اس میں کوئی مسئلہ نہیں کیونکہ انگریزی ہماری مادری زبان نہیں ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.