امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ملک میں کوئی سندھو دیش کا نعرہ نہیں چلےگا، ہم کسی ایسےطبقےکو نہیں مانتے جو پاکستان کے نظریےکی نفی کرتا ہو۔
لاہور میں فیصل چوک مال روڈ پرپٹرولیم لیوی کے خلاف جاری دھرنے میں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی نے کہا کہ یہ دھرنا عوام کی چیخ کو آواز میں بدلنے کا عمل ہے، آپ مخلوق کے لیے ظلم کے خلاف آواز اٹھا رہےہیں، مجھے یقین ہے آپ کی جدوجہد انجام تک پہنچے گی۔
حافظ نعیم نے کہاکہ یہ تمام عمل شعور کو پروان چڑھانے کا عمل ہے، ہم ظلم کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کل اسلام آباد میں مذاکرات ہوں گے، ہماری ٹیم نے پوری تیاری کرلی ہے، حکومت سنجیدہ ہے تو ہم بھی معاملات کو آگے لے کرچلیں گے، معاشی دہشت گردی ختم ہونی چاہیے،لیوی کا بھتہ نہیں چلےگا۔
ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی جانب سے مکروہ بیان کی مذمت کرتےہیں، مریم نواز نے پنجاب کی تعلیم کا بیڑہ غرق کردیا، انہوں نے پنجاب کے 11 ہزار اسکولوں کو فروخت کردیا۔
دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ہماری تحریک نظام بدلنے کی تحریک ہے، حکومت نےکنسورشیم بنا رکھا ہے جو جاگیرداروں اور وڈیروں پر مشتمل ہے، مارشل لا ہویانام نہاد جمہورت یہی طبقہ ہر جگہ نظر آتا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ یہ ہمیں حق حکمرانی سے محروم کرتے ہیں اور بندوق کی طاقت پر آتے ہیں، ایسے طبقےکا پاکستان اورپاکستان کےنظریے سے کوئی تعلق نہیں۔
خیال رہے کہ پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف گزشتہ 22 روز سے ملک کے مختلف شہروں میں جماعت اسلامی کے دھرنے جاری ہیں۔
