علی ظفر کی نئی نعت ’’سوہنا نبیؐ‘‘ جاری، بارگاہِ رسالت ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور
لاہور – پاکستان کے معروف گلوکار علی ظفر نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنی نئی نعتیہ پیشکش سوہنا نبیؐ جاری کر دی ہے۔
علی ظفر نے اپنے اس نعتیہ کلام میں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے دلی محبت اور عقیدت کا اظہار کیا ہے۔ پنجابی زبان میں پڑھی گئی یہ نعت اس لازوال محبت اور عقیدت کی عکاسی کرتی ہے جو دنیا بھر کے مسلمان نبی کریم ﷺ کے لیے اپنے دلوں میں رکھتے ہیں۔
خوبصورت شاعری اور پُراثر اندازِ گائیکی کے ذریعے اس نعت میں حضور اکرم ﷺ کے عظیم کردار، آپؐ کی رحمت اور اس نور کا ذکر کیا گیا ہے جو آپ ﷺ نے اس دنیا کو عطا کیا، جو کبھی تاریکی میں گھری ہوئی تھی۔
اپنی اس ریلیز کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے علی ظفر کا کہنا تھا کہ یہ نعت محبت اور یادِ رسول ﷺ کا ایک عاجزانہ اظہار ہے۔ ان کے مطابق ایسے وقت میں جب دنیا اکثر تقسیم اور بے چینی کا شکار نظر آتی ہے، نبی کریم ﷺ کی تعلیمات ہمدردی، عاجزی، انصاف اور باہمی احترام کی روشن مثال پیش کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ ﷺ کی حیاتِ مبارکہ انسانیت کے لیے ایک واضح رہنمائی ہے جو ہمیں یاد دلاتی ہے کہ حقیقی طاقت رحم دلی اور وقار میں پوشیدہ ہے۔
یہ نعت مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر دستیاب ہے جبکہ اس کا ویژول ورژن ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔