فلسطین/تہران – فلسطینی گروہ حماس نے ہفتے کے روز ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ کے پڑوسی ممالک کو نشانہ بنانے سے گریز کرے، تاہم ساتھ ہی ایران کے حق کی توثیق کی کہ وہ اسرائیل اور امریکا کے خلاف دفاعی کارروائی کر سکتا ہے۔ یہ اطلاع عرب نیوز نے دی ہے۔
حماس کے بیان میں کہا گیا کہ خطے کے تمام ممالک کو جارحیت روکنے اور بھائی چارہ برقرار رکھنے کے لیے تعاون کرنا چاہیے۔ اس کے ساتھ ہی ایران کو بین الاقوامی قوانین کے تحت اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔
حماس نے واضح کیا "اسلامی جمہوریہ ایران کے اس حق کی توثیق کرتے ہوئے کہ وہ بین الاقوامی اصولوں اور قوانین کے مطابق اس جارحیت کا ہر ممکن ذریعے سے جواب دے، تحریک ایران میں اپنے بھائیوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ پڑوسی ممالک کو نشانہ بنانے سے اجتناب کریں۔”
یہ بیان مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران آیا ہے، جب ایران نے اسرائیل اور امریکی اہداف پر جوابی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
