پشاور: پشاور میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کی فلاح و ترقی پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے اور اس کے واضح نتائج نظر آنے چاہیے۔
سہیل آفریدی کی زیر صدارت ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں نوجوانوں کی فلاح و ترقی کے لیے جاری پروگرامز کا جائزہ لیا گیا۔
انہوں نے نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر اور روزگار فراہم کرنے کو ترجیح قرار دیا اور سکلز ڈویلپمنٹ اینڈ ایمپلائمنٹ پروموشن پروگرام پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ٹیوٹا کے تحت جاری اقدامات دور رس نتائج کے حامل ہیں، اور ان پر ٹھوس حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، وزیر اعلیٰ نے رورل اکنامک ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ پر عید کے فوری بعد تفصیلی اجلاس طلب کرنے کا اعلان بھی کیا۔
بریفنگ کے مطابق اس پراجیکٹ کے تحت 42 ہزار نوجوانوں کو اوسطاً 73 ہزار روپے فی کس سٹارٹ اپ گرانٹ فراہم کی جا رہی ہے، تاکہ وہ اپنے کاروباری منصوبے شروع کر سکیں اور معیشت میں حصہ ڈال سکیں۔
