بجلی کے شعبے میں بڑی اصلاحات کر دی گئیں، نیپرا نے ویلنگ آکشن پراسس کی منظوری دے دی، خریدار اب براہ راست پاور پلانٹس سے بجلی خرید سکیں گے۔
نیپرا کے مطابق اس نظام کے تحت کم از کم ایک میگاواٹ بجلی خریدنا لازم ہوگا جبکہ خریدار کو بجلی اپنی کھپت کے مقام تک پہنچانے کیلئے گرڈ چارجز بھی ادا کرنا ہوں گے۔ اس اقدام سے ملک میں مسابقتی بجلی مارکیٹ کے قیام کی راہ ہموار ہوگی۔
آزاد مارکیٹ آپریٹر کی جانب سے نیپرا میں ویلنگ آکشن کا ڈرافٹ جمع کرایا گیا تھا جس کی منظوری کے بعد آئندہ پانچ سال میں آٹھ سو میگاواٹ بجلی بڑے صارفین کو نیلام کی جائے گی جبکہ ابتدائی طور پر جون میں دوسو میگاواٹ بجلی آکشن کیلئے پیش کی جائے گی۔
دوسری جانب نیپرا نے مسابقتی مارکیٹ آپریشنز پر بھی فیصلہ جاری کر دیا ہے جسے وزیر توانائی اویس لغاری نے بجلی کے شعبے میں اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔
وزیر توانائی کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے سنگل بائر ماڈل سے مسابقتی بجلی مارکیٹ کی جانب منتقلی کا آغاز ہوگا جبکہ شفاف اور مارکیٹ بیسڈ پاور سسٹم حکومت کی بڑی اصلاحات کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ آٹھ سو میگاواٹ بجلی کی طلب کو مرحلہ وار دو طرفہ کنٹریکٹنگ پر منتقل کرنے کی منظوری دی گئی ہے اور بجلی کی خریداری اب شفاف، خودکار اور مسابقتی نیلامی کے ذریعے ہوگی۔
