نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 12 سے 14 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
الرٹ کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور جھکڑ کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ چاروں صوبوں کے مختلف علاقوں میں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان کے علاقوں تربت، کیچ، گوادر، خضدار، ژوب اور لسبیلہ میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ اسی طرح خیبرپختونخوا کے شہروں ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، پاراچنار، پشاور، مردان اور صوابی میں بھی ممکنہ سیلابی صورتحال کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک اور چکوال کے شہری و نشیبی علاقوں میں بھی پانی جمع ہونے اور سیلابی کیفیت کا خدشہ ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں بارش کے ساتھ برفباری بھی متوقع ہے، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔ این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ مسلسل بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔
اتھارٹی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑی احتیاط سے چلائیں ۔
