ٹیکسلا میں دو خواتین سمیت تین افراد کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی رنجش کا نتیجہ لگتا ہے۔ سی پی او راولپنڈی نے نوٹس لے کر فوری کارروائی کا حکم دے دیا۔
پولیس کے مطابق ٹیکسلا کے علاقے مشرقی آباد گلی نمبر پانچ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں دو خواتین سمیت تین افراد کو قتل کر دیا گیا۔ مقتولین میں دانش اکرم، ان کی اہلیہ سیمہ گل اور ان کی بھابھی شہلا شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق دانش اکرم نے سیمہ گل سے پسند کی شادی کر رکھی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نجیب اللہ تیز دھار آلے سے تینوں افراد کو ذبح کر کے فرار ہو گیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فرانزک ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
سی پی او راولپنڈی سید خالد محمود ہمدانی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی پوٹھوہار سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں واقعہ ذاتی رنجش کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے تاہم تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
