بھارت کی شمال مشرقی ریاست Manipur میں ایک بار پھر حالات کشیدہ ہوگئے ہیں جہاں مظاہرین اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان شدید جھڑپوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق Bharatiya Janata Party (بی جے پی) حکومت کی مبینہ انتہاپسندانہ پالیسیوں کے خلاف ہونے والے احتجاج نے پرتشدد رخ اختیار کر لیا۔ مظاہرین نے بڑے پیمانے پر ریلی نکالی، جسے منتشر کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز نے مداخلت کی۔
صورتحال اس وقت مزید بگڑ گئی جب اہلکاروں نے مظاہرین کو روکنے کے لیے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کے شیل فائر کیے۔ اس کے ردعمل میں مظاہرین نے پتھراؤ کیا، جس کے باعث علاقے میں بدامنی اور خوف و ہراس پھیل گیا۔
رپورٹس کے مطابق جھڑپوں کے دوران متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں، جبکہ تاحال کسی جانی نقصان کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔ سیکیورٹی اداروں نے علاقے میں اپنی موجودگی بڑھا دی ہے اور حساس مقامات پر سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ Manipur گزشتہ کچھ عرصے سے نسلی اور سیاسی کشیدگی کا شکار ہے، جہاں ماضی میں بھی تشدد، گھروں کو نذر آتش کرنے اور کرفیو کے نفاذ جیسے واقعات پیش آ چکے ہیں، جس کے باعث خطے کی صورتحال بدستور غیر یقینی کا شکار ہے۔
