ممبئی پولیس نے 2022 کے مبینہ منشیات کیس میں بالی ووڈ اداکارہ شردھا کپور اور ڈانسر و اداکارہ نورا فتحی کو مکمل طور پر کلیئر قرار دے دیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد یہ واضح ہو گیا ہے کہ دونوں اداکاراؤں سمیت دیگر نامزد شخصیات کا کسی بھی منشیات نیٹ ورک سے کوئی تعلق ثابت نہیں ہو سکا۔ حکام نے تصدیق کی کہ کسی بھی سلیبریٹی کے خلاف ٹھوس شواہد سامنے نہیں آئے۔
یہ کیس اگست 2022 میں اس وقت منظرعام پر آیا تھا جب ممبئی پولیس کرائم برانچ اور اینٹی نارکوٹکس سیل نے مبینہ منشیات فروش سلیم سہیل شیخ کو گرفتار کیا تھا۔ کارروائی کے دوران اس کے قبضے سے تقریباً 1.19 لاکھ بھارتی روپے مالیت کی میفیڈرون برآمد ہوئی تھی۔
ملزم نے دورانِ تفتیش دعویٰ کیا تھا کہ اس نے مختلف تقریبات میں شریک شخصیات کو منشیات فراہم کیں، جس کے بعد 2025 میں اینٹی نارکوٹکس سیل نے متعدد افراد سے پوچھ گچھ کی، جن میں شردھا کپور اور نورا فتحی بھی شامل تھیں۔
تاہم تفتیش کے دوران نہ تو منشیات کی ترسیل اور نہ ہی استعمال سے متعلق کوئی قابلِ اعتماد ثبوت سامنے آیا، جس کے بعد دونوں اداکاراؤں کو کلین چٹ دے دی گئی۔
پولیس کے مطابق کیس میں ابتدائی چالان پہلے ہی 3 ملزمان کے خلاف جمع کرایا جا چکا ہے، جبکہ مزید 2 گرفتار افراد اور ایک مفرور ملزم کے خلاف ضمنی چالان جلد پیش کیا جائے گا۔
