پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے اداکار فردوس جمال کے حالیہ متنازع بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو بھی دوسرے فنکاروں کی تضحیک کرنے کا حق حاصل نہیں۔
چار دہائیوں سے زائد طویل کیریئر رکھنے والی بشریٰ انصاری نے اپنے وی لاگ میں کہا کہ وہ فردوس جمال کی عزت کرتی ہیں، تاہم اس کے باوجود ایسے بیانات قابلِ افسوس ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شوبز انڈسٹری میں فنکاروں کی محنت اور مقام کا احترام کیا جانا چاہیے، اور بلاوجہ تنقید یا تضحیک مناسب نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شوبز میں کمزور فنکار شاذ و نادر ہی ہوتے ہیں، اس لیے کسی کے کام کو اس انداز میں مسترد کرنا درست رویہ نہیں۔ بشریٰ انصاری کے مطابق فردوس جمال کو اپنی سوچ اور رویے پر نظرثانی کرنی چاہیے کیونکہ منفی بیانات نہ صرف دوسروں بلکہ ان کے اپنے قریبی لوگوں کو بھی متاثر کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ فردوس جمال نے ایک پوڈکاسٹ میں مرحوم فنکاروں طلعت حسین، شفیع محمد، راحت کاظمی اور خیام سرحدی کے بارے میں منفی ریمارکس دیے تھے، جبکہ عابد علی کی اداکاری پر بھی تنقید کی تھی۔
