صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے چینی شہر چانگشا میں پاکستان اور چین کے اداروں کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی، جہاں مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے اہم معاہدے طے پائے۔
تقریب میں سمندری پانی کو قابلِ استعمال بنانے، زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ اور چائے کے شعبے میں تعاون سے متعلق سمجھوتوں پر دستخط کیے گئے۔
پہلی مفاہمتی یادداشت محکمہ بلدیات سندھ اور لوشیئن انوائرمنٹل ٹیکنالوجی گروپ کے درمیان طے پائی، جس کے تحت کراچی کو پانی کی فراہمی کے لیے سمندری پانی کو میٹھا بنانے کے منصوبے پر مشترکہ کام کیا جائے گا۔ اس معاہدے پر سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن اور کمپنی کی جانب سے پارٹی برانچ کے سیکرٹری یوہوئی نے دستخط کیے۔
دوسرا معاہدہ محکمہ بلدیات سندھ اور لانگ پن ہائی ٹیک انفارمیشن کمپنی کے درمیان زرعی ٹیکنالوجی میں تعاون کے لیے طے پایا، جس پر شرجیل میمن اور چینی کمپنی کے چیئرمین چن ژی شین نے دستخط کیے۔
