آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کیلئے 1.2 ارب ڈالر کی اگلی قسط کی منظوری دے دی۔
آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس واشنگٹن میں منعقد ہوا، جس میں پاکستان کے اقتصادی پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔
منظوری کے تحت پاکستان کو توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) پروگرام کے تحت ایک ارب ڈالر فراہم کیے جائیں گے، جبکہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی (آر ایس ایف) پروگرام کے تحت مزید 20 کروڑ ڈالر ملیں گے۔
قسط موصول ہونے کے بعد پاکستان کو مجموعی جاری کردہ رقم 4.5 ارب ڈالر ہو جائےگی، پاکستان نے آئی ایم ایف کی متعدد نئی شرائط بھی مان لیں ہیں،بجلی، گیس کی قیمتوں میں بروقت ایڈجسٹمنٹ کی یقین دہانی کروائی گئی ہے ۔
تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عوام پر منتقل کیا جائے گا، قرض پروگرام کے تحت معاشی استحکام جاری رکھنے کی یقین دہانی بھی کروائی گئی ہے، علاقائی ہنگامی صورتحال کے باوجود آئی ایم ایف اہداف پر قائم رہنے کے عزم کا اظہار کیا گیاہے ۔
سخت مانیٹری پالیسی،توانائی شعبے میں اصلاحات جاری رکھی جائیں گی، مالی ڈسپلن برقرار رکھنے کیلئے اخراجات پر قابو پانے کی یقین دہانی بھی دی گئی ہے ۔ مالیاتی شعبے اور ٹیکس نظام میں اصلاحات کا بھی وعدہ کیا گیاہے ۔
غریب طبقے کو مہنگائی سے بچانے کیلئے ٹارگٹڈ سبسڈی دی جائے گی۔ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے اہداف پورے کرنےکی یقین دہانی بھی کروائی گئی ہے۔
