سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج کیخلاف 2 آپریشنز میں 5 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ڈی آئی خان اور ٹانک میں آپریشنز کے دوران 5 خوارج کو ہلاک کیا جن کے قبضہ سے مختلف قسم کے ہتھیار اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا گیا ۔
ٹانک میں آپریشن کے دوران 4 خوارج اور ڈی آئی خان میں ایک خارجی مارا گیا، ہلاک دہشتگرد علاقے میں متعدد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے، دونوں علاقوں میں دہشتگردوں کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس آپریشنزجاری ہیں۔
سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پُر عزم ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا میں کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیاہے ۔ وزیرداخلہ نے5 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا ۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے پی میں کامیاب آپریشنز کے ذریعے بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کا صفایا کر رہی ہیں، آخری بھارتی سپانسرڈ دہشتگرد اور سہولت کار کے خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔
