ملتان آرٹس کونسل کے زیرِ اہتمام خواتین کی عظمت، سماجی وقار اور معاشرتی کردار کو اجاگر کرنے کیلئے تین روزہ ثقافتی اور ادبی تقریبات کا آغاز 14 مئی سے ہوگا، جن میں پینٹنگ، ٹیبلوز اور تقریری مقابلے شامل ہوں گے۔
ڈائریکٹر آرٹس کونسل Saleem Qaiser کے مطابق تقریبات میں طلبہ، طالبات اور عام شہری بھرپور شرکت کریں گے جبکہ پروگراموں کا مقصد خواتین کے مثبت کردار، عزت اور معاشرتی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پہلا پروگرام 14 مئی بروز جمعرات صبح 9 بجے Zawar Hussain Art Gallery میں منعقد ہوگا جہاں پینٹنگ اور مصوری کے مقابلے کرائے جائیں گے۔ مقابلے کا موضوع “ہم مائیں، ہم بہنیں، ہم بیٹیاں، قوموں کی عزت ہم سے ہے” رکھا گیا ہے۔
پینٹنگ مقابلے میں 15 سے 30 سال عمر کے طلبہ و طالبات اور جنرل پبلک سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات حصہ لے سکیں گے۔ انتظامیہ کے مطابق شرکاء اپنے رنگ اور دیگر سامان خود ساتھ لائیں گے جبکہ کینوس کا سائز 18×24 مقرر کیا گیا ہے۔
آرٹس کونسل کے مطابق پینٹنگ مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کو 50 ہزار روپے، دوسری پوزیشن پر 30 ہزار جبکہ تیسری پوزیشن پر 20 ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔
ڈائریکٹر آرٹس کونسل نے مزید بتایا کہ 15 مئی کو Aslam Ansari Auditorium میں ٹیبلوز مقابلہ منعقد ہوگا جس میں 10 سے 22 سال عمر کے امیدوار حصہ لیں گے۔
اسی سلسلے کی آخری تقریب 16 مئی کو ہوگی جس میں تقریری مقابلہ رکھا گیا ہے۔ اس مقابلے میں 15 سے 30 سال عمر کے امیدوار 3 سے 5 منٹ کی تقاریر پیش کریں گے۔
ٹیبلوز اور تقریری مقابلوں میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کیلئے بالترتیب 30 ہزار، 25 ہزار اور 20 ہزار روپے کے انعامات مختص کیے گئے ہیں، جبکہ تمام شرکاء کو شرکت کے سرٹیفکیٹس بھی دیئے جائیں گے۔ آرٹس کونسل انتظامیہ کے مطابق ججز کا فیصلہ حتمی ہوگا۔
ثقافتی حلقوں کے مطابق اس نوعیت کی تقریبات نہ صرف نوجوان نسل میں تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دیتی ہیں بلکہ خواتین کے مثبت سماجی کردار اور قومی ترقی میں ان کی اہمیت کو اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
