چین میں پاکستانی فلم ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ کی ریلیز کا اعلان، پاکستانی سینما کیلئے نئی عالمی پیش رفت

چین میں پاکستانی فلم ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ کی ریلیز کا اعلان، پاکستانی سینما کیلئے نئی عالمی پیش رفت

پاکستانی فلم انڈسٹری کیلئے ایک اہم اور تاریخی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں عالمی شہرت یافتہ پاکستانی فلم ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ کو پہلی مرتبہ چین میں باقاعدہ ریلیز کیا جا رہا ہے۔ فلم 21 مئی کو چینی سینما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کی جائے گی، جسے پاکستانی سینما کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی پذیرائی کا اہم اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔

فلم کے ہدایتکار بلال لاشاری نے سوشل میڈیا پر اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے چینی زبان میں ڈب کیا گیا خصوصی ٹریلر بھی جاری کیا۔ اس اعلان کے بعد نہ صرف پاکستانی فلمی حلقوں بلکہ بین الاقوامی شائقین میں بھی جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق چین جیسے بڑے اور محدود غیر ملکی فلمی مارکیٹ میں کسی پاکستانی فلم کا داخل ہونا غیر معمولی کامیابی تصور کیا جا رہا ہے۔ چین دنیا کی سب سے بڑی فلمی مارکیٹس میں شمار ہوتا ہے جہاں غیر ملکی فلموں کو محدود پیمانے پر ریلیز کی اجازت دی جاتی ہے، ایسے میں ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ کا انتخاب پاکستانی فلم انڈسٹری کیلئے ایک بڑی کامیابی ہے۔

2022 میں ریلیز ہونے والی یہ فلم پاکستان کی مہنگی ترین فلموں میں شامل رہی تھی۔ فلم نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر غیر معمولی بزنس کیا اور پاکستانی باکس آفس کے کئی ریکارڈ توڑ دیے تھے۔ فلم کی کامیابی نے نہ صرف لالی ووڈ کو نئی زندگی دی بلکہ پاکستانی سینما کو عالمی سطح پر بھی متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔

فلم کی کہانی، سینماٹوگرافی، ایکشن مناظر، موسیقی اور جدید فلم سازی کے انداز کو عالمی سطح پر سراہا گیا تھا۔ ناقدین کے مطابق اس فلم نے جنوبی ایشیائی سینما میں تکنیکی معیار کے حوالے سے ایک نئی مثال قائم کی۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے