پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال کی جانب سے آن لائن ہراسانی، سائبر بُلنگ اور دھمکیوں کے الزامات کے بعد معاملے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے اداکارہ کی درخواست پر باضابطہ قانونی کارروائی شروع کرتے ہوئے ایم پی اے ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ سمیرا خان کو طلب کر لیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق این سی سی آئی اے نے دونوں افراد کو 22 مئی کو پیش ہونے کی ہدایت جاری کی ہے۔ ادارے کی جانب سے معاملے کی ابتدائی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ اداکارہ کی فراہم کردہ شکایات اور شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
اداکارہ مومنہ اقبال نے حالیہ دنوں انسٹاگرام پر ایک تفصیلی بیان جاری کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ وہ طویل عرصے سے مبینہ آن لائن ہراسانی، سائبر بُلنگ، ذہنی دباؤ اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کا سامنا کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق ایک بااثر سیاسی شخصیت سے وابستہ افراد مسلسل انہیں اور ان کے اہلخانہ کو نشانہ بنا رہے تھے۔
مومنہ اقبال کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس معاملے پر متعدد بار این سی سی آئی اے، ایف آئی اے اور پنجاب پولیس سے رجوع کیا، تاہم مبینہ سیاسی اثر و رسوخ کے باعث مؤثر کارروائی نہیں ہو سکی۔ اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ بعض حلقوں کی جانب سے معاملے کو دبانے کی بھی کوشش کی گئی۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں متعلقہ اداروں اور حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ معاملے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور انہیں و ان کے خاندان کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا تھا کہ اگر معاملے کو سنجیدگی سے نہ لیا گیا تو وہ تمام ثبوت عوام کے سامنے پیش کریں گی۔
مومنہ اقبال کے الزامات منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی معاملہ زیر بحث آگیا، جہاں مداحوں اور صارفین کی بڑی تعداد نے ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا اور حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔
اب این سی سی آئی اے کی جانب سے باضابطہ طلبی کے بعد نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ تحقیقات کس سمت میں آگے بڑھتی ہیں اور اس کیس میں مزید کیا حقائق سامنے آتے ہیں۔
