میٹا نے 8 ہزار ملازمین کو فارغ کرنا شروع کر دیا، مصنوعی ذہانت پر بڑی سرمایہ کاری کا اعلان

Meta نے اپنے تقریباً 8 ہزار ملازمین کو فارغ کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے، جو کمپنی کی مجموعی افرادی قوت کا تقریباً 10 فیصد بنتے ہیں۔ کمپنی کے مطابق یہ اقدام اخراجات کم کرنے، ادارہ جاتی ڈھانچے کو مؤثر بنانے اور مصنوعی ذہانت پر بڑھتی سرمایہ کاری کے باعث کیا جا رہا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا میں متاثرہ ملازمین کو 16 ہفتوں کی بنیادی تنخواہ بطور سیورینس پیکج دی گئی ہے، جبکہ ہر مکمل ملازمت کے سال کے بدلے مزید 2 ہفتوں کی اضافی تنخواہ بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

کمپنی کی جانب سے ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ کو 18 ماہ تک طبی سہولتوں کی کوریج دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے، جبکہ دیگر ممالک میں ملازمین کو مقامی قوانین کے مطابق مراعات فراہم کی جائیں گی۔

میٹا نے چھانٹیوں کے ساتھ ساتھ 7 ہزار سے زائد ملازمین کو نئی مصنوعی ذہانت (AI) ٹیموں میں منتقل کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ اس طرح مجموعی طور پر کمپنی کی تقریباً 20 فیصد افرادی قوت اس تنظیمی تبدیلی سے متاثر ہو گی۔

کمپنی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اب کم مینیجمنٹ اور نسبتاً چھوٹی ٹیموں کے ذریعے زیادہ تیز فیصلے اور بہتر کارکردگی حاصل کرنے کی حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق میٹا رواں سال مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور نئے ڈیٹا سینٹرز پر تقریباً 145 ارب ڈالر تک خرچ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جو کمپنی کی مستقبل کی AI حکمت عملی کا اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے