Close Menu
  • تازہ ترین
  • پاکستان
  • سنٹرل ایشیا
  • دنیا
  • فیکٹ چیک
  • ٹرینڈ
  • شوبز
  • کھیل
  • کاروبار
  • ملٹی میڈیا
  • کالم

Subscribe to Updates

Get the latest creative news from FooBar about art, design and business.

What's Hot

محسن نقوی نے نام لیے بغیر ایک وفاقی وزیر کو وارننگ دے دی

نومبر 22, 2026

پاک بھارت میچ : ٹاس کے وقت میچ ریفری کی غفلت سامنے آگئی

نومبر 22, 2026

وزارت خزانہ نے سرکاری قرضو ں کی سالانہ رپورٹ جاری کردی

نومبر 22, 2026
Facebook X (Twitter) Instagram
اتوار, نومبر 22
Facebook X (Twitter) Instagram
English
  • تازہ ترین
  • پاکستان
  • سنٹرل ایشیا
  • دنیا
  • فیکٹ چیک
  • ٹرینڈ
  • شوبز
  • کھیل
  • کاروبار
  • ملٹی میڈیا
  • کالم
Home»پاکستان»‘فتنة الخوارج’و’فتنة الہندوستان’ اورقومی سلامتی کے ادارے
پاکستان

‘فتنة الخوارج’و’فتنة الہندوستان’ اورقومی سلامتی کے ادارے

EditorBy Editorنومبر 22, 2026کوئی تبصرہ نہیں ہے۔
Facebook Twitter Pinterest LinkedIn WhatsApp Reddit Tumblr Email
Share
Facebook Twitter LinkedIn Pinterest Email

(مفتی منیب الرحمن)

اسلام میں انسانی جان کی بڑی اہمیت ہے۔ قرآنِ کریم میں آدم علیہ السلام کے پہلے مقتول مظلوم بیٹے ہابیل کے قتل کا پس منظر بیان کرنے کے بعد فرمایا: ”اسی سبب ہم نے بنی اسرائیل پر لکھ دیا کہ جس نے قصاص یا فساد فی الارض (کے جرم) کے بغیر کسی (بے قصور) انسانی جان کو قتل کیا توگویا اس نے تمام انسانوں کو قتل کیا اور جس نے کسی ایک انسانی جان کو بچایا تو گویا اُس نے پوری انسانیت کو بچایا، (المائدہ:32)”۔ ‘حفظِ جان ‘انسانیت کا اجتماعی حق ہے، اس لیے جس نے کسی ایک بے قصور انسان کوقتل کیا تو گویا اس نے پوری انسانیت کے اجتماعی حق کو پامال کردیا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ”عقلمندو! تمہارے لیے قصاص میں حیات ہے، (البقرة: 179)”۔ ظاہری صورت میں قصاص بھی قتل اور جان کا تلف کرنا ہے، مگر قرآنِ کریم نے اسے ‘حیات’ سے اس لیے تعبیر فرمایا کہ جب قاتلوں پر قانونِ قصاص بے لاگ نافذ ہوگااور مظلوم مقتولین کو انصاف ملے گاتوکوئی قتلِ ناحق کرنے سے پہلے سوبار سوچے گا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حجة الوداع کے موقع پر فرمایا تھا: ‘بے شک تمہاری جانوں، مالوں اور آبروئوں کو ایک دوسرے پروہی حرمت حاصل ہے جویومِ عرفہ، ماہِ ذوالحجہ اورشہرِ مکہ کو حاصل ہے، (مسلم:1218)’۔ نیزفرمایا:’ایک مسلمان کی جان، مال، آبرو الغرض سب کچھ دوسرے مسلمان پر حرام ہے، (مسلم: 2564)’۔ روایت میں ہے: ”عبداللہ بن عمر نے بیت اللہ پر نظر ڈالی اور کہا: تیری شان کتنی بڑی اور تیری حرمت کتنی عظیم ہے، لیکن اللہ کے نزدیک (بے قصور) مومن کی جان کی حرمت تجھ سے بھی زیادہ ہے، (ترمذی:2032)’۔

 

حدیث پاک میں ہے: ‘جس نے اسلام میں کسی اچھے کام کی بنیاد ڈالی، پھر اُس کے بعد دوسروں نے اس پر عمل کیا تو اُس بنیاد ڈالنے والے کے نامۂ اعمال میں ہرعامل کے برابراجرلکھا جائے گا، جبکہ اُن عاملین کے اجر میں کوئی کمی نہیں کی جائے گی اور جس نے اسلام میں کسی برے کام کی بنیاد ڈالی اور اُس کے بعد دوسروں نے اُس پر عمل کیا، تو اُس بنیاد ڈالنے والے کے نامۂ اعمال میں ہرعامل کے برابر گناہ لکھا جائے گا، جبکہ اُن عاملین کے گناہ میں کوئی کمی نہیں کی جائے گی، (مسلم: 1017)’۔ اسی تناظر میں رسول اللہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے: ‘بنی آدم میں جب بھی کسی بے قصور شخص کو ظلماً قتل کیا جائے گا توآدم علیہ السلام کے پہلے بیٹے (قابیل) کے کھاتے میں اُس قتلِ ناحق کا گناہ لکھا جائے گا، کیونکہ وہ پہلا شخص ہے جس نے قتلِ ناحق کی بنیاد ڈالی، (بخاری: 3335)’۔

 

اکیسویں صدی میں ہمارے وطنِ عزیز میں قتلِ ناحق، ڈکیتی اورجبری آبروریزی کے واقعات اس قدر کثرت کے ساتھ ہورہے ہیں کہ یقین کرنا دشوار ہے، اس میں انتہائی متموّل گھرانوں کی آوارہ اولاد بھی شامل ہے۔ رشتوں کی حرمتیں پامال ہورہی ہیں، بیوی شوہر کے قتل کی منصوبہ بندی کرتی ہے اور شوہر بیوی کے قتل کا ذمے دار قرار پاتا ہے۔ اولاد ماں باپ کو اور ماں باپ اولاد کو قتل کر رہے ہیں، گھریلو ملازم عورتوں کوانتہائی بے دردی سے قتل کیا جاتا ہے، ٹریفک حادثات تو روزانہ کا معمول ہیں، انسانی جان کی بے حرمتی کے اعتبار سے یہ شعر ہمارے حسبِ حال ہے:

 

ایک کتے نے دوسرے کتے سے کہا

چل بھاگ! ورنہ آدمی کی موت مارا جائے گا

 

نوعمر بچوں اور بچیوں کو جنسی تسکین وتلذُّذ بلکہ اذیت رسانی کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، امریکا میں اپسٹین فائلز کے بارے میں جو واقعات رپورٹ ہورہے ہیں، ہمارے ہاں یہ سب کچھ معمول بنتا جارہا ہے۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اَطفال کی جابرانہ آبروریزی اور اذیت پر مبنی جنسی تشدد شخصی جرم سے بڑھ کر کاروباری نوعیت اختیار کرتا جارہا ہے۔ ٹریفک کے حادثات روز مرہ کا معمول بن چکے ہیں، پھول جیسے بچے سیوریج لائن کے کھلے گڑہوں میں گر کر نعمتِ حیات سے محروم ہورہے ہیں۔ میڈیا قتل، ڈکیتی اور ظلم کی ان وارداتوں کو کاروباری مقاصد کے لیے اپنی اسکرین کی زینت بناتا ہے، لیکن تازہ واقعہ رونما ہونے پر ماضی کے واقعات کی بساط لپیٹ دی جاتی ہے اور وہ قصۂ پارینہ بن جاتے ہیں۔ ہمارا نظامِ عدل فرسودہ اور ازکار رفتہ ہے، اس لیے مجرم دندناتے پھر رہے ہیں۔ شعبۂ وکالت اپنی اصل کے اعتبار سے مظلوموں کو انصاف دلانے کے لیے تھا، مگر ناقابلِ تصور بھاری فیسوں کے عوض وہ ظالموں، ڈکیتوں اور قاتلوں کا مددگار ہے۔ مروجہ نظامِ عدل کو’ عدل’ کہنا لفظِ عدل کی معنویت کو بدلنے کے مترادف ہے۔ ہم نے کبھی بااثر قاتلوں، ڈکیتوں، ظالموں، منشیات فروشوں اور انواع واقسام کے مجرموں کو نشانِ عبرت بنتے نہیں دیکھا۔ حکمرانوںکی اولین ذمے داری عوام کے جان ومال اور آبرو کاتحفظ ہے، وہ قیامت میں اللہ تعالیٰ کو کیا جواب دیں گے، حدیث پاک میں ہے: ‘قیامت کے دن مقتول قاتل کو پکڑ کر لائے گا اور کہے گا: (اے اللہ!) اس سے پوچھیے، اس نے مجھے کیوں (ناحق) قتل کیا، تو وہ کہے گا: میں نے یہ قتل فلاں (حکمران) کے عہدِ اقتدار میں کیا ہے، (نسائی: 3998)’۔

 

جب سے ہیومن ازم یعنی انسانیت پرستی کی مغربی قدروں کو ہمارے ہاں پذیرائی ملنا شروع ہوئی ہے، ہماری عِفّت، عصمت، حیا اور اخلاقیات کی ساری قدریں پسِ پشت ڈال دی گئی ہیں۔ ہیومن ازم کی روح یہی ہے کہ انسان اپنے خیر وشر کے لیے کسی اِلہامی ہدایت اور خدائی راہنمائی کا محتاج ہے نہ پابند، بلکہ وہ اپنی عقل ِ اکثری یا کُلّی سے اپنے خیر وشر کا فیصلہ خودکرسکتا ہے۔ کلفٹن کراچی اور ڈی ایچ اے لاہورمیںقوم کی بیٹیوں کا ‘میرا جسم، میری مرضی’ کے پلے کارڈ لے کرچوک میں کھڑے ہونا اس بات کا واضح ثبوت ہے۔ پس انسان خود ہی عابد ہے اور خود ہی معبود، وہ کسی خالق ومالک اور احکم الحاکمین کے حضور جوابدہ نہیں ہے۔ تمام تر دینی، اخلاقی اور معاشرتی اقدار سے مادر پدر آزادی کو عقیدے کا درجہ دے دیا گیا ہے اور اس عقیدے کا عنوان بڑا دلکش ہے: ‘آزادیِ اظہار اور آزادیِ پریس’۔ کسی زمانے میں ‘روزنامہ جاوِداں’ لاہور کے مُدیر ظہور عالَم شہید مرحوم نے اپنے اخبار کی لوح پر لکھا تھا: ‘سب کی خبر دیں گے اور سب کی خبر لیں گے’۔ میڈیا میں رونق افروزافراد کوتو اب بھی اس امر کی کھلی اجازت ہے کہ سب کی خبر لیں اور سب کی خبر دیں، سب کو بے توقیر کریں، لیکن وہ خود کسی بھی اخلاقی معیار پر کسی کو جواب دہ نہیں ہیں۔ اُن کی انجمنیں ہیں، حکومتیں اُن سے مرعوب رہتی ہیں اور ہر وقت اپنی جان کی امان چاہتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اُن کے لیے تحدید وتوازن، جزا وسزا اور جوابدہی کا کوئی سریع العمل، مؤثر اورشفاف عدالتی نظام نہیں ہے۔

 

دہشت گردی کا عفریت الگ ملک کو اپنی لپیٹ میں لیے ہوئے ہے، ہمارے دو صوبے طویل عرصے سے دہشت گردی کا شکار ہیں۔ ان میں بی ایل اے، بی ایل ایف کے علیحدگی پسند اور ٹی ٹی پی کے دہشت گرد سب شامل بھی ہیں، انھیں پڑوسی ممالک کی پشت پناہی بھی حاصل ہے۔ وہاں اُنھیں پناہ ملتی ہے، تربیتی کیمپ ہیں، وافر اسلحہ اور مالی وسائل بھی دستیاب ہیں۔ بھارت کا جاسوسی اور تربیتی نیٹ ورک بھی موجود ہے اور وہ پاکستان میں انتشار اور بے امنی پھیلانے کے لیے کثیر سرمایہ خرچ کررہا ہے۔ ہمارے سلامتی کے ادارے دہشت گردی کے اس نیٹ ورک کو ‘فتنة الخوارج’ اور ‘فتنة الہندوستان’ سے تعبیر کرتے ہیں۔ بعض برادر مسلم ممالک کی طرف بھی اشارے کیے جاتے ہیں، لیکن سیاسی مصلحت اور حکمتِ عملی کے تحت ان کا نام نہیں لیا جاتاکہ کہیں جبینِ یار پہ شکن نہ آجائے، کیونکہ ہماری مجبوریاں بھی بہت ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف ہماری سلامتی کے اداروں نے جتنی قربانیاں دی ہیں، شہادتیں پیش کی ہیں، جسمانی معذوریوں کے دکھ سہے ہیں، ماضیِ قریب میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ بلوچستان میں پنجاب اور کے پی سے آنے والے بے قصور مزدوروں کو شناخت کرکے قتل کیا جاتا ہے اور لاشوں کے تحفے ملک کے مختلف حصوں میں بھیجے جاتے ہیں۔ اگرچہ ہمارے سلامتی کے ادارے اس فتنے کو کچلنے کے لیے بار بار اپنے پختہ عزم کا اظہار کرتے رہتے ہیں اور عمل سے بھی یہی ظاہر ہوتا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ عفریت قابو میں نہیں آرہا۔ اس جہاد میں پوری قوم کا دل وجان سے قومی دفاع اورسلامتی کے اداروں کے قدم بقدم اور شانہ بشانہ کھڑا ہونا قومی، ملی اور دینی فریضہ ہے۔

Share. Facebook Twitter Pinterest LinkedIn Tumblr Telegram Email
Editor

    Related Posts

    محسن نقوی نے نام لیے بغیر ایک وفاقی وزیر کو وارننگ دے دی

    نومبر 22, 2026

    پاک بھارت میچ : ٹاس کے وقت میچ ریفری کی غفلت سامنے آگئی

    نومبر 22, 2026

    وزارت خزانہ نے سرکاری قرضو ں کی سالانہ رپورٹ جاری کردی

    نومبر 22, 2026

    Comments are closed.

    Latest Posts

    ‘فتنة الخوارج’و’فتنة الہندوستان’ اورقومی سلامتی کے ادارے

    نومبر 22, 2026

    جامعات کی عالمی درجہ بندی

    نومبر 22, 2026

    بلاول، بھٹو یا زرداری؟

    نومبر 21, 2026

    نئے صوبے، ون یونٹ اور بلاول بھٹو

    نومبر 21, 2026

    چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نام

    نومبر 20, 2026

    ایک غیر ملکی سیاح کا سفرنامہ لاہور

    نومبر 20, 2026
    Facebook X (Twitter) Pinterest Vimeo WhatsApp TikTok Instagram
    All Right Reserved © Vision Point PK 2026 . Managed by Vision Point

    Type above and press Enter to search. Press Esc to cancel.