ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ممکنہ جنگی صورتحال کے باعث عالمی معیشت دباؤ کا شکار ہو گئی ہے، جس کے بعد 27 ممالک نے مالی معاونت کے لیے World Bank سے رجوع کر لیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ 27 ممالک اُن 101 ریاستوں میں شامل ہیں جنہیں عالمی بینک کے ہنگامی مالیاتی پروگرام تک رسائی حاصل ہے۔ ان ممالک نے عالمی معاشی دباؤ، تیل کی بڑھتی قیمتوں، تجارتی بحران اور مالی غیر یقینی صورتحال کے باعث امدادی فنڈز کی درخواست دی ہے۔
رپورٹ میں ان ممالک کے نام ظاہر نہیں کیے گئے جبکہ یہ بھی واضح نہیں کیا گیا کہ عالمی بینک سے مجموعی طور پر کتنی رقم طلب کی گئی ہے۔
عالمی بینک نے اس معاملے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا، تاہم عالمی بینک کے صدر اجے بنگا گزشتہ ماہ کہہ چکے ہیں کہ ادارہ عالمی معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے 20 سے 25 ارب ڈالر تک کی فنانسنگ فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی نے عالمی منڈیوں کو شدید متاثر کیا ہے۔ تیل کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ، عالمی تجارتی رکاوٹیں اور سرمایہ کاری میں کمی خصوصاً ترقی پذیر ممالک کے لیے بڑے خطرات بن چکے ہیں۔
