ایران پر حملے کیلئے اسرائیل نے ایرانی سرزمین استعمال کرنے کا انکشاف کیا ہے۔۔ موساد نے حملوں سے کئی روز قبل ایران کے اندر اپنا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کیا۔۔
اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کے ایک اہلکار نے یورو نیوز کو بتایا ہدف پر درست نشانہ لگانے والے جدید ہتھیاروں سے لیس نظام“ تہران کی حدود کے اندر گہرائی تک نصب کیے تھے۔۔ یہ نظام ایرانی زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سسٹمز کے قریب کھلے مقامات پر نصب کیے گئے تھے۔
اہلکار کے مطابق یہ نظام اُس وقت فعال کیے گئے جب اسرائیلی افواج نے اپنا حملہ شروع کیا اور ان کے ذریعے اہداف کو درستی سے نشانہ بنایا گیا۔
ایک علیحدہ کارروائی میں موساد نے کچھ گاڑیوں پر خفیہ طور پر ”جدید جنگی اور حملہ کرنے والی ٹیکنالوجی“ نصب کی تاکہ ایرانی فضائی دفاعی صلاحیتوں کو کمزور کیا جا سکے جو اسرائیلی لڑاکا طیاروں کے لیے خطرہ بن چکی تھی۔
موساد کی تیسری خفیہ مہم بھی اس حملے سے کافی پہلے شروع کی گئی، جس کے تحت ایرانی سرزمین کے اندر ”دھماکا خیز ڈرونز کے لیے ایک خفیہ اڈہ قائم کیا گیا“۔
رپورٹ کے مطابق حملے کے دوران ان ڈرونز کو فعال کر کے تہران کے قریب فوجی اڈے پر موجود زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل لانچرز کی طرف بھیجا گیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران پر حملوں میں موساد نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ایران پر حملے سے کئی دن قبل ہی ایرانی حدود میں اپنا کیمپ بنا کر وہاں تک ہتھیار پہنچائے اور پھر 13 جون کو حملہ کیا گیا۔