کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ایبولا وائرس کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر ہنگامی اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں۔ محکمہ صحت سندھ نے ائیرپورٹ پر الرٹ جاری کرتے ہوئے نگرانی کا نظام مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عالمی سطح پر ایبولا ایمرجنسی کے بعد سندھ حکومت متحرک ہوگئی ہے اور اس حوالے سے کراچی میں اعلیٰ سطح کا اجلاس بھی منعقد کیا گیا۔محکمہ صحت کے مطابق ایبولا وائرس انتہائی خطرناک ہے، اس لیے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔
اجلاس میں جناح ائیرپورٹ پر فوری ردعمل اور آئسولیشن نظام کو مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ چوبیس گھنٹے ایمبولینس کی موجودگی بھی یقینی بنائی جائے گی۔
حکام کے مطابق مشتبہ مسافروں کی نگرانی مزید سخت کی جائے گی اور پی پی ایز سمیت ہنگامی سامان کیلئے الگ اسٹور روم قائم کیا جائے گا۔
اجلاس میں اے ایس ایف، ایف آئی اے، سول ایوی ایشن، بارڈر ہیلتھ سروسز اور محکمہ صحت کے حکام نے شرکت کی۔
حکام نے بارڈر ہیلتھ سروسز اور محکمہ صحت کے درمیان رابطے مضبوط بنانے پر زور دیا جبکہ فرنٹ لائن عملے کی خصوصی تربیت اور ہیلتھ پروفیشنلز کیلئے آگاہی سیشنز شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
ایبولا کیسز سے نمٹنے کیلئے موک ایکسرسائزز کرانے اور صوبے کے داخلی راستوں پر مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔
