چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجا شہباز خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان بھر میں انتخابات پُرامن ماحول میں منعقد ہوئے اور اب تک کسی قسم کی شکایت موصول نہیں ہوئی۔
چیف الیکشن کمشنر نے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کرکے انتخابی عمل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنز میں موجود ووٹرز اپنے ووٹ کاسٹ کر رہے ہیں اور عوام نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ انتخابی عمل میں حصہ لیا۔
راجا شہباز خان نے کہا کہ وہ انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر عوام کے شکر گزار ہیں۔ ان کے مطابق انتخابات کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے 15 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں تاریخی انتخابات ہوئے ہیں اور عوام میں سیاسی شعور بڑھا ہے، جس کے باعث تقریباً 70 فیصد ووٹ کاسٹ ہوئے۔ چیف الیکشن کمشنر کے مطابق 2020 کے انتخابات میں اتنا جوش و خروش دیکھنے میں نہیں آیا تھا جتنا اس بار دیکھنے کو ملا۔
انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان بھر میں انتخابات پُرامن ماحول میں منعقد ہوئے اور الیکشن کمیشن کو کسی قسم کی شکایت موصول نہیں ہوئی۔
