سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت واضح کرے کہ خواجہ آصف کا بیان حکومتی پالیسی ہے یا ان کی ذاتی رائے؟
اپنے ایک بیان میں شرجیل انعام میمن کاکہناتھا کہ وفاقی وزراء کی بیان بازی صوبے کے خلاف سیاسی جارحیت کے مترادف ہے ۔ خواجہ آصف سندھ اور پیپلز پارٹی پر بیان بازی سے پہلے تاریخ، آئین اور پارلیمانی ریکارڈ کا مطالعہ کریں،پیپلز پارٹی کا مؤقف دو رخی نہیں بلکہ دوٹوک، اصولی اور آئینی ہے،پنجاب اسمبلی سرائیکی صوبے کے حق میں دو مرتبہ، جبکہ سندھ اسمبلی سندھ کے اندر مزید صوبے بنانے کے خلاف آٹھ مرتبہ قراردادیں منظور کر چکی ہے،مسلم لیگ ن اپنے اتحادیوں کو خوش کرے، لیکن سندھ کو قربانی کا بکرا بنانے سے گریز کرے،ان کا مزید کہناتھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ وفاق کو مضبوط، آئین کو بالادست اور جمہوری نظام کو مستحکم کرنے کی سیاست کی ہے،پاکستان کے وفاق اور جمہوری نظام کو مضبوط بنانے کے لیے پیپلز پارٹی اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
