پبلک سیکٹر میڈیکل یونیورسٹیز( ترمیمی) بل 2026 گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں پیش کر دیا گیا، بل قائمہ کمیٹی برائے ہائر ایجوکیشن پنجاب اسمبلی کو موصول ہو گیا۔
بل کے تحت 7 میڈیکل یونیورسٹیز میں وائس چانسلرز کی تعیناتی کی حد عمر 65 سال سے تبدیل کر 75 سال کی جائے گی، وائس چانسلر تعینات ہونے کے لئے 10 سال بطور پروفیسر فرائض انجام دینا لازم ہو گا۔
متن کے مطابق یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی، فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی حد عمر میں تبدیلی کی تجویز دی گئی ہے۔
فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی، نشتر میڈیکل یونیورسٹی، راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز لاہورکے وائس چانسلر کی حد عمر تبدیل ہو گی۔
بعد از کمیٹی منظوری بل ایوان سے منظور کروایا جائے گا، ایوان سے منظوری کے بعد بل کی حتمی منظوری گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر دیں گے۔
