پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جاپان کے شہر آئچی ناگویا میں منعقد ہونے والے ایشین گیمز 2026 کے لیے قومی مردوں کی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹورنامنٹ 19 ستمبر سے 4 اکتوبر تک جاری رہے گا، جبکہ مردوں کے ٹی20 مقابلوں کا آغاز 24 ستمبر سے ہوگا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اسکواڈ کے مطابق تجربہ کار بیٹر صاحبزادہ فرحان کو ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے، جبکہ عبدالصمد کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں ابرار احمد، احمد دانیال، عاکف جاوید، علی رضا، عرفات منہاس، حیدر علی، حسن نواز، معاذ صداقت، محمد سلمان مرزا، سعد مسعود، صائم ایوب، سفیان مقیم اور عثمان خان شامل ہے ایشین گیمز میں شرکت کرنے والی پاکستانی ٹیم نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا امتزاج ہوگی، جس سے ایونٹ میں مضبوط کارکردگی کی توقع کی جا رہی ہے۔
30 سالہ صاحبزادہ فرحان پاکستان کی نمائندگی 46 ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں کر چکے ہیں۔ انہوں نے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں 1,305 رنز اسکور کیے ہیں، جن میں دو سنچریاں اور 10 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ دوسری جانب نائب کپتان عبدالصمد پانچ ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
اعلان کردہ اسکواڈ میں کئی ابھرتے ہوئے کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ عاکف جاوید، علی رضا، معاذ صداقت اور سعد مسعود ایسے نام ہیں جو ابھی تک پاکستان کی جانب سے ٹی20 انٹرنیشنل سطح پر ڈیبیو نہیں کر سکے، تاہم ان کی حالیہ کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں ایشین گیمز کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق منتخب 15 رکنی اسکواڈ میں شامل 14 کھلاڑی نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں 15 جون سے شروع ہونے والے وائٹ بال کیمپ کا بھی حصہ ہوں گے۔ اس کیمپ کا مقصد ایشین گیمز سمیت آئندہ بین الاقوامی چیلنجز کے لیے کھلاڑیوں کی تیاری کو مزید بہتر بنانا ہے۔
ایشین گیمز کے مردوں کے ٹی20 ایونٹ میں مجموعی طور پر 10 ٹیمیں حصہ لیں گی، جبکہ تمام مقابلے آئچی پریفیکچر کے کوروگی ایتھلیٹک پارک میں کھیلے جائیں گے۔ میڈلز کے لیے فائنل مقابلہ 3 اکتوبر کو شیڈول ہے۔
