نجی اسپتال میں گردوں کی مبینہ غیرقانونی پیوند کاری کے معاملےمیں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے،جہاں سماء نیوز نے مبینہ طور پر تبدیل کیے گئے گردے کی ویڈیو حاصل کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق ویڈیو میں اہلکار ایک شاپر سے گردہ نکالتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ برآمد ہونے والے گردے کو شواہد کے طور پر پارسل بنا کر فرانزک تجزیے کے لیے لاہور کی فرانزک لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے۔
اطلاعات کےمطابق پولیس نے مبینہ طور پر متاثرہ لڑکی سکینہ بی بی کے ساتھ آنے والے افراد کو چھوڑ دیا، جبکہ لڑکی کے ساتھ موجود دو مردوں اور ایک خاتون کو تھانہ صدر پولیس نے رہا کر دیا۔
ذرائع کےمطابق اپنے آپ کو لڑکی کا چچا،کزن اور والدہ ظاہر کرنے والے افراد کو پولیس اور محکمہ صحت کی مبینہ ملی بھگت سے چھوڑا۔
دوسری جانب مقدمے کے اندراج پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، کیونکہ ایف آئی آر میں اسپتال انتظامیہ اور متعلقہ ڈاکٹروں کو نامزد نہیں کیا گیا۔
