سلطنتِ عمان نے بین الاقوامی بحری تنظیم (آئی ایم او – IMO) کے ساتھ مشترکہ تال میل کے بعد آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کے لیے ایک عارضی میری ٹائم کوریڈور (عارضی بحری راہداری) فراہم کرنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔
عمانی حکام کے مطابق، جو تجارتی اور عسکری جہاز اس عارضی بحری راہداری کو استعمال کرنے کے خواہشمند ہوں گے، انہیں تنظیم (IMO) اور عمانی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ مخصوص جغرافیائی نقاط (Coordinates) کی بنیاد پر رابطہ قائم کرنا ہوگا۔ اس طریقہ کار کا مقصد اسٹریٹجک آبی گزرگاہ میں جہازوں کی آمدورفت کو محفوظ اور منظم بنانا ہے۔
عمانی وزارتِ خارجہ و بحری امور کے اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ اس اہم ترین اقدام کا بنیادی مقصد بین الاقوامی قانون اور سمندروں کے عالمی قوانین (Law of the Sea) کے مطابق اس تزویراتی آبی گزرگاہ کے ذریعے جہاز رانی کی آزادی کو یقینی بنانا ہے۔ سلطنتِ عمان نے واضح کیا ہے کہ اس عارضی کوریڈور کے استعمال پر کسی قسم کی کوئی ٹرانزٹ فیس عائد نہیں کی جائے گی اور نیویگیشن کی مکمل آزادی برقرار رہے گی۔
