بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے کہا ہے کہ ایجنسی کے معائنہ کار بالآخر ایران کی جوہری افزودگی کی تنصیبات تک رسائی حاصل کریں گے اور نگرانی کا عمل دوبارہ شروع کیا جائے گا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رافیل گروسی نے کہا کہ یہ عمل دو دن، ایک ہفتے یا دس دن بعد ہو، اس کا وقت اہم ضرور ہے لیکن فیصلہ کن نہیں، اہم بات یہ ہے کہ معائنہ کار بالآخر ایرانی جوہری تنصیبات کا جائزہ لیں گے۔
آئی اے ای اے کے سربراہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران کے جوہری پروگرام کی نگرانی اور بین الاقوامی معائنوں کے حوالے سے تہران اور واشنگٹن کے بیانات میں واضح تضاد پایا جا رہا ہے۔
