جاپان نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے ایران، لبنان اور فلسطین کے متاثرہ علاقوں کے لیے مجموعی طور پر ایک کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالر کی ہنگامی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
جاپانی وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ امدادی پیکج صحت، طبی سہولیات، خوراک، صاف پانی، حفظانِ صحت اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لیے استعمال کیا جائے گا تاکہ حالیہ تنازعات سے متاثرہ شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امدادی رقم براہِ راست متعلقہ حکومتوں کو منتقل کرنے کے بجائے بین الاقوامی امدادی اداروں کے ذریعے تقسیم کی جائے گی، جن میں انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس، انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اینڈ ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز (IFRC)، اقوام متحدہ کے مختلف ادارے اور دیگر امدادی تنظیمیں شامل ہیں۔
جاپانی حکومت نے مجموعی امداد میں سب سے بڑا حصہ ایران کے لیے مختص کیا ہے۔ ایران کو ایک کروڑ امریکی ڈالر فراہم کیے جائیں گے تاکہ حالیہ فوجی کشیدگی سے متاثرہ شہریوں کو فوری امداد پہنچائی جا سکے۔
