پاکستانی میڈیکل گریجویٹس نے عالمی سطح پر ایک اور اہم کامیابی اپنے نام کر لی، جہاں امریکی ریزیڈنسی پروگرام میں پاکستانی ڈاکٹرز نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور بھارتیوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکا کے ریزیڈنسی پروگرام میں 1400 سے زائد پاکستانی ڈاکٹرز کا انتخاب ہوا، جبکہ بھارت سے صرف 400 ڈاکٹرز اس پروگرام کے لیے منتخب ہو سکے۔
رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ پاکستانی ڈاکٹرز کو امریکی فیلوشپ میڈیسن کے شعبے میں مواقع ملے ہیں، جبکہ یو ایس ایم ایل ای پروگرام کے ذریعے ڈاکٹرز کو اعلیٰ طبی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے بہترین مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔
صدر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PM&DC) ڈاکٹر رضوان تاج نے نوجوان پاکستانی ڈاکٹرز کی عالمی کامیابیوں کو ملک کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ایم اینڈ ڈی سی نے طبی تعلیم کا معیار عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا ہے ۔
ڈاکٹر رضوان تاج کا کہنا تھا کہ کونسل کی اصلاحات کی بدولت پاکستانی ڈاکٹرز عالمی سطح پر مزید کامیابیاں حاصل کریں گے اور دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرتے رہیں گے۔
