مون سون کا نیا اسپیل ملک میں داخل ہونے کیلئے تیار ہے اور محکمہ موسمیات نے 18 سے 25 جولائی تک بالائی اور وسطی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے، اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ بھی جاری کردیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے مون سون سسٹم میں شدت اختیار کرنےکا امکان ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، پنجاب، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ اسلام آباد میں بیس سے تئیس جولائی کے دوران بارش کا امکان ہے۔راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں شدید بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بیس سے پچیس جولائی کے دوران مری، گلیات، کشمیر، سوات، چترال، کوہستان اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔پہاڑی علاقوں اور ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے، جبکہ تیز آندھی اور آسمانی بجلی گرنے سے کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔محکمہ موسمیات نے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات یقینی بنانے کا کہا گیا ہے۔
