وفاقی سرکاری ملازمین کےنئے بنیادی پے اسکیل اور الاؤنسز کا اعلان بھی کر دیا گیاہے ۔وزارت خزانہ کے مطابق نیا بنیادی پے اسکیل 2026 یکم جولائی 2026ء سے نافذ ہو گا، ملازمین کو 30 دن کے اندر پرانے یا نئے پے اسکیل کا انتخاب کرنا ہو گا، مقررہ مدت میں انتخاب نہ کرنے والے ملازمین خود کار طور پر نئے پےاسکیل میں شمار ہوں گے۔
2022ء اور 2025ء کے ایڈہاک ریلیف الاؤنس ختم کر دیئے جائیں گے، نئے پے اسکیل پر7 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس دیا جائے گا، خصوصی الاؤنسز اور اسپیشل پے30 جون 2026 کی سطح پر منجمد رہیں گے، نئے پے اسکیل پر عملدرآمد کیلئے انوملی کمیٹی قائم کی جائے گی، بنیادی تنخواہوں میں تمام گریڈز کیلئےاضافہ کیا گیا ہے، نیا ایڈہاک ریلیف الاؤنس انکم ٹیکس کے دائرے میں ہو گا، نیا الاؤنس پنشن اور گریجویٹی کا حصہ نہیں ہو گا۔
گریڈ 1 سے 22 تک کے سرکاری ملازمین کیلئے ڈسپیرٹی ریڈکشن الاونس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ، 15 فیصد ڈسپیرٹی ریڈکشن الاونس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہو گا، اس حوالے سے متعلقہ محکموں کو مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا، یہ الاؤنس مختلف محکموں کے ملازمین کی تنخواہوں میں فرق کم کرنے کیلئے دیا گیا ہے۔
معذور سرکاری ملازمین کیلئے خصوصی کنوینس الاؤنس میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیاہے ، خصوصی افراد کا ماہانہ کنوینس الاؤنس 6 ہزار سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کر دیا گیا، نظرثانی شدہ خصوصی کنوینس الاؤنس کا اطلاق یکم جولائی 2026ء سے ہو گا۔
سینئر افسران کے ایگزیکٹیو الاؤنس میں اضافے کا میمورنڈم جاری کر دیا ہے، سینئر افسران کیلئے ایگزیکٹو الاؤنس بڑھانے یا درست طریقے سے دینے کی منظوری دی گئی ہے ، گریڈ 17سے 22 تک کے افسران کو ایگزیکٹیو الاؤنس ملے گا، 30 جون 2026 والے بیسک پے کے مطابق یکم جولائی 2026ءسے لاگو ہو گا۔
ایگزیکٹیو الاؤنس پرانی شرائط وضوابط کے مطابق ہی رہے گا، الاؤنس کاحساب ان کے30 جون 2026ءوالی بنیادی تنخواہ پر لگایا جائے گا، وزیراعظم آفس،صدر کے سیکرٹری،خارجہ سیکرٹری کو آگاہ کر دیا گیا، گریڈ 17سے اوپر والے ملازمین کی جولائی 2026ءکی تنخواہ میں الاؤنس کا اثر پڑے گا۔
گریڈ 1سے 22 تک کے ملازمین کیلئے کنوینس الاؤنس میں بھی اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیاہے۔ سرکاری ملازمین کے موجودہ کنوینس الاؤنس میں ماہانہ 50 فیصد تک اضافے کا فیصلہ کیا گیاہے، گریڈ 1 سے 4 کے ملازمین کیلئے ماہانہ کنوینس الاؤنس 1785سے بڑھا کر 2678 روپے مقرر کیا گیاہے ۔
گریڈ 5 سے 10 کےملازمین کیلئے الاؤنس 1932 سے بڑھا کر 2898 روپے، گریڈ 11 سے 15 کے ملازمین کیلئے کنوینس الاؤنس 2856 سے 4284 روپے کر دیا گیا، گریڈ 16 سے اوپر کے سرکاری ملازمین کیلئے کنوینس الاؤنس 5 ہزار سے بڑھا کر7500 روپے مقرر کر دیا گیا ۔
بیرونِ ملک تعیناتی کے دوران ایڈہاک ریلیف الاؤنس نہیں ملے گا، نئے پے اسکیل میں گریڈ 1 سے 22 تک بنیادی تنخواہوں پر نظرثانی کی گئی ہے، گریڈ 17 سے 22 کے ملازمین کیلئے نئے ایگزیکٹیوالاؤنس کا اطلاق بھی یکم جولائی سے ہو گا۔
