ملک بھر کے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ، کالا باغ پر نچلے درجے کا سیلاب

موسلا دھار بارشوں اور بھارتی آبی جارحیت کے باعث ملک کے اہم دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں تیزی سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے ۔ فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین صورتحال کے مطابق مختلف بیراجوں اور ہیڈ ورکس پر پانی کے بہاؤ کا گراف مسلسل اوپر جا رہا ہے۔

دریائے سندھ میں کالا باغ ، چشمہ اور تونسہ بیراج پر پانی کی آمد میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ کالا باغ کے مقام پر پانی کی آمد  3لاکھ ایک ہزار 692  کیوسک اور اخراج 2 لاکھ 93 ہزار 852 کیوسک ہے جہاں نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے۔ چشمہ بیراج پر پانی کی آمد بڑھ کر 2 لاکھ 53 ہزار 348 کیوسک اور تونسہ بیراج پر2 لاکھ 19 ہزار 53 کیوسک تک پہنچ چکی ہے۔

دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کی آمد ایک لاکھ 37 ہزار کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ رسول بیراج پر بھی پانی کی آمد 21 ہزار 900 کیوسک تک بڑھ گئی ہے ۔ دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ  66ہزار 300 کیوسک ہوچکا ہے جہاں نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد میں اضافہ دیکھا گیا ہے جہاں آمد  ایک لاکھ 66 ہزار 748 کیوسک اور اخراج ایک لاکھ 48 ہزار698 کیوسک تک جا پہنچا ہے۔ اس کے علاوہ ہیڈ خانکی پر بھی پانی کا بہاؤ بڑھ کر96 ہزار 756 کیوسک تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دریائے راوی میں تمام اہم مقامات پر پانی کے بہاؤ میں اضافہ مسلسل جاری ہے۔ جسڑ کے مقام پر آمد و اخراج  5 ہزار 337 کیوسک ، شاہدرہ کے مقام پر 6 ہزار 592 کیوسک، ہیڈ بلونکی پر آمد 29 ہزار 60 کیوسک اور ہیڈ سدھنائی پر پانی کی آمد بڑھ کر 19 ہزار 125 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات اور مربوط اداروں کی جانب سے دریاؤں کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور ندی نالوں کے قریب واقع آبادیوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے