نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال، خصوصاً مقبوضہ مشرقی یروشلم کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق گفتگو کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں امن و استحکام، باہمی تعاون اور موجودہ سفارتی پیش رفت پر بھی خیالات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی، جسے دونوں ممالک کے درمیان قریبی سفارتی روابط اور دوطرفہ تعاون کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
