روس نے بدھ کی علی الصبح یوکرین کے دارالحکومت کیف پر فضائی حملہ کیا، جس کے نتیجے میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور 24 افراد زخمی ہوگئے۔ حملے کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں آگ بھڑک اٹھی جبکہ متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا۔
شہر کی فوجی انتظامیہ کے مطابق روس کا کیف پر حملہ آدھی رات کے بعد شروع ہوا۔حکام نے بتایا کہ حملے میں شہر کے سات مختلف مقامات متاثر ہوئے۔ فضائی حملے کا الرٹ ایک گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا۔کیف کے میئر وٹالی کلیچکو کے مطابق شہر کے مرکزی علاقے کے قریب ایک گودام مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔امدادی ٹیموں نے ملبے تلے دبے دو افراد کو نکال لیا۔
میئر کا کہنا ہے کہ خدشہ ہے مزید افراد بھی ملبے تلے موجود ہو سکتے ہیں، جس کے باعث سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔حکام کے مطابق زخمیوں کی تعداد 24 ہے۔زخمیوں میں ایک ایمبولینس ڈرائیور بھی شامل ہے۔چار زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے اور انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
حملے کے بعد گوداموں اور ذخیرہ گاہوں میں آگ لگ گئی۔شہر کے مضافاتی علاقے میں بھی ایک بڑی آگ بھڑک اٹھی۔ابتدائی اطلاعات میں ایک 20 منزلہ رہائشی عمارت میں آگ لگنے کا دعویٰ کیا گیا تھا، تاہم بعد میں حکام نے اس کی تردید کر دی۔
شہر کی فوجی انتظامیہ نے بتایا کہ حملے کے نتیجے میں ایک مقام پر امونیا گیس کا اخراج بھی ہوا۔ہنگامی اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے صورتحال کو قابو میں لانے کے اقدامات شروع کر دیے۔مقامی حکام کے مطابق کیف کے گرد و نواح میں بھی حملے کیے گئے۔ان حملوں میں ایک اور شخص ہلاک جبکہ 21 افراد زخمی ہوئے۔
