ٹرمپ کا اسلحے کی قلت کی خبروں کی تردید، کہا امریکا کے پاس وافر ہتھیار اور گولہ بارود موجود ہے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسلحے اور گولہ بارود کی قلت سے متعلق میڈیا رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کے پاس بڑے پیمانے پر ہتھیاروں کے ذخائر موجود ہیں اور دفاعی پیداوار بھی تیزی سے جاری ہے۔

ایک بیان میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا نہ صرف اسلحہ اور گولہ بارود کے بڑے ذخائر رکھتا ہے بلکہ دفاعی ضروریات کے مطابق نئی پیداوار بھی جاری ہے اور ضرورت پڑنے پر اضافی سامان بھی حاصل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی دفاعی کمپنیاں ریکارڈ تعداد میں نئے پلانٹس اور فیکٹریاں تعمیر کر رہی ہیں، جس سے مستقبل میں دفاعی صلاحیت مزید مضبوط ہوگی۔

صدر ٹرمپ نے حساس معلومات کے افشا ہونے پر بھی سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ غداری پر مبنی معلومات لیک کرنے والے عناصر کو تلاش کیا جائے گا اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرتے ہوئے طویل سزائیں دی جائیں گی۔

امریکی حکام نے واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اسلحے کی قلت یا صدر کی جانب سے وزیر دفاع سے بازپرس سے متعلق دعوے درست نہیں ہیں۔

صدر ٹرمپ کے تازہ بیان کو بھی انہی رپورٹس کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے، جس میں انہوں نے زور دیا کہ امریکا اپنی دفاعی ضروریات پوری کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اور اسلحے کے ذخائر کے حوالے سے تشویش کی کوئی ضرورت نہیں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے