وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان کا کہنا ہے کہ تحصیل غازی کو وفاق میں شامل کرنے کے حوالے سے چلایا جانے والاپروپیگنڈا بے بنیاد ہے، جعلی خبریں اور جعلی نوٹیفکیشن پھیلانا بعض عناصر کا وتیرہ بن چکاہے۔
ایک بیان میں شفیع جان نے کہا کہ کسی بھی صوبے کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے کےلیے آئینی ترمیم درکار ہوتی ہے، محض ایک جعلی نوٹیفکیشن کے ذریعے خیبرپختونخوا کے کسی علاقے کی حیثیت تبدیل نہیں کی جاسکتی۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عوام نے ہمیں جو مینڈیٹ دیا ہے اس کا تحفظ ہماری آئینی اور جمہوری ذمہ داری ہے، عوام کے مینڈیٹ اور صوبے کی جغرافیائی وحدت کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جس نے بھی جعلی نوٹیفکیشن یا من گھڑت خبر پھیلائی ہے اس کے خلاف ایکشن ضرور ہوگا۔ تحصیل غازی خیبرپختونخوا کا حصہ ہے اور کسی جعلی نوٹیفکیشن سے اس حقیقت کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔
