سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر نوازشریف نے مری میں ہونے والے اعلیٰ سطح اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اُمید نہیں تھی پیپلز پارٹی کی طرف سے کوئی شکایت کا موقع ملے گا، ہم نے مخالفین کے ساتھ ہمیشہ اچھا سلوک کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نوازشریف کا کہناتھا کہ مخالفت کو دشمنی میں منتقل نہیں ہونا چاہیے، آزاد کشمیر کا ماحول اچھا رہا،جراثیم داخل ہو جائیں تویہ اچھا نہیں ہے،اپنے ساتھیوں کے ہارنے کا دکھ ہوا ہے، ہمارے اچھے اچھے امیدوار تھے،بہادری کیساتھ الیکشن لڑا، سیٹ ہار سکتے ہیں لیکن ہم نے حوصلہ نہیں ہارنا۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آزاد کشمیر میں ہمیں فتح سے ہمکنارکیا،اللہ تعالیٰ نے آزاد کشمیر الیکشن کے 2 مراحل میں ہی برتری دی، اب عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کی گنجائش نہیں،پنجاب میں ترقی کی بنیاد شہبازشریف نے رکھی، آزاد کشمیر کو بھی ترقی دلانی ہے،مسائل ختم کرنے ہیں۔
ان کا کہناتھا کہ ہم نے ڈیلیور نہ کیا تو آزادکشمیر کےعوام ناراض ہوجائیں گے، آزاد کشمیر میں زیادہ سے زیادہ فنڈز دینے چاہئیں تاکہ سڑکیں بنیں،انڈسٹری لگے، زراعت پر بھی ہمیں بھرپور توجہ دینی چاہیے، آزادکشمیر میں بھی لیپ ٹاپس اور اسکالر شپس ملنی چاہئیں، آزاد کشمیر میں کسان کارڈ ملنا چاہیے۔
