فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کے بعد ہونے والی جھڑپوں پر سخت سزاؤں کا اعلان کردیا ہے۔ ارجنٹائن کے مڈفیلڈر لیانڈرو پیریڈیز پر 10 میچز کی پابندی عائد کی گئی ہے۔ فیفا ڈسپلنری کمیٹی نے پیریڈیز پر 90 ہزار امریکی ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔
ارجنٹائن کے کھلاڑی ناہوئل مولینا کو بھی 7 میچز کے لیے معطل کردیا گیا ہے۔ ان پر بھی 90 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ فیفا کے مطابق دونوں کھلاڑیوں کے خلاف کارروائی فائنل کے اختتام پر پیش آنے والے واقعات کی تحقیقات کے بعد کی گئی۔
فیفا نے تھیاگو الماڈا اور پابلو مارٹن پائز گاویرا پر ایک، ایک میچ کی پابندی عائد کی ہے۔ دونوں کھلاڑیوں پر 30 ہزار ڈالر جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔ ارجنٹائن کے ٹیم آفیشل روبرٹو آیالا کو 3 میچز کے لیے معطل کیا گیا ہے۔ ان پر بھی 30 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
فیفا نے ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن (AFA) پر مختلف خلاف ورزیوں کے باعث مجموعی طور پر 3 لاکھ 21 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کیا ہے۔ فیفا کے مطابق اے ایف اے کو غیر اسپورٹس مین رویے اور ٹیم کی بدسلوکی کا ذمہ دار قرار دیا گیا۔ شائقین کے امتیازی نعروں اور سکیورٹی قواعد کی خلاف ورزی پر بھی کارروائی کی گئی۔
فیفا کے مطابق یہ کارروائی ڈسپلنری اینڈ ایتھکس پراسیکیوٹر کی رپورٹ کی بنیاد پر کی گئی ہے۔ فریقین فیصلے کی تفصیلی وجوہات حاصل کرسکتے ہیں۔ انہیں اپیل دائر کرنے کے لیے 10 دن کی مہلت بھی دی گئی ہے۔
