فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایران کا اہم دورہ مکمل کرلیا،دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سمیت اعلیٰ ایرانی قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں،کشیدگی میں مزید اضافے کی روک تھام، آبنائے ہرمز کھولنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کےمطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورہ ایران مکمل ہوگیا،دورے کے دوران فیلڈ مارشل کے ہمراہ وزیرِداخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کےمطابق فیلڈمارشل سیدعاصم منیر نے ایرانی سپریم لیڈر کے مشیرمحسن رضائی، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکرباقر قالیباف، وزیرخارجہ عباس عراقچی اور وزیرداخلہ اسکندر مومنی سے ملاقاتیں کیں۔
آئی ایس پی آر کےمطابق ملاقاتوں میں کشیدگی میں مزید اضافےکی روک تھام، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور تنازع کے جلد خاتمے کیلئے اقدامات پر جامع تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کےمطابق ایرانی قیادت نےمذاکرات،کشیدگی میں کمی اور تنازع کے پُر امن حل میں سہولت کاری کیلئے پاکستان کے تعمیری کردار اور مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔
اس سےقبل وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سوشل میڈیا پرجاری بیان میں کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیراور میں نے ایران کے صدر سے بہت مثبت اور نتیجہ خیزملاقات کی، ملاقات میں ایران، امریکا تنازع،مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی اور آگے بڑھنے کے راستوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
انہوں نےبتایا کہ اسلام آباد ایم او یو کی بحالی کے لیے دونوں فریقوں کی جانب سے درکار اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی، جبکہ ایرانی صدر نے کھل کر اپنی حکومت کے مؤقف اور خدشات سے آگاہ کیا۔ملاقات میں اہم پیشرفت ہوئی،اور میٹنگ انتہائی مثبت نوٹ پر اختتام پذیر ہوئی،ہمیں امید ہے کہ اس رفتار سے خطے میں مزید ترقی اور دیرپا امن کی راہ ہموار ہوگی۔
